Japaan ki dabalroti - Day 48
March 30, 2022•591 words
(Credits - boulangerie coron)
جاپان کے شہر سپؔورو میں ایک دن میں ایک ڈبل روٹی کی دکان نکل پڑی۔ جاپان میں 'پان یا' کے نام
سے خاص ڈبل روٹی کی دکانیں ہوتی تھیں جہاں پہ ہر قسم کی ڈبل روٹی پائی جاتی تھی۔ چیز ڈبل
روٹی، بیف ڈبل روٹی، پیزا ڈبل روٹی، ساگ ڈبل روٹی، وانِلا ڈبل روٹی، چکن ڈبل روٹی، فِش ڈبل روٹی
اور بہت ساری اقسام کی ڈبل روٹیاں وہاں دستیاب ہوتی تھیں۔ میں بڑے شوق سے ایک ٹرے پکڑے اپنی
پسند کی ڈبل روٹیاں ایک ایک کر کے ٹرے میں ڈالتی گئی اور آگے بڑھتی گئی۔ اس دوران میں ایک کام
والے نے آکر مجھے روکا۔ میں حیران اور پریشان ہوگئی یہ سوچ کر کہ میں نے کیا غلط کر دیا۔ کہیں
کوئی غیر روایتی کام تو نہیں کر بیٹھی تھی؟ آخر جاپان آتے ہوئے صرف ایک مہینہ
ہی تو گزرا تھا۔ لوگ سالوں سال گزار کےبھی ایک نئی ثقافت کو پوری طرح سے نہیں سمجھ پاتے لہذا
میری غلطی کرنے کے امکانات تو بہت ہی زیادہ تھے۔ آدھی معصومیت اور آدھی شرمندگی کے عالم میں
میں نے اس بندے سے پوچھا، 'کیا ہوا؟' اس نے میری چکن سوسِج والی ڈبل روٹی کی طرف اشارہ کرتے
ہوئے کہا، 'آپ یہ والی ڈبل روٹی نہیں خرید سکتیں'۔ یہ سُن کر میرے اندر شرمندگی کا احساس اور
بھی بڑھتا گیا اور میں اپنے ارد گرد لوگوں کو دیکھنے لگی۔جیسے کہ ایک چھوٹی سی بچی کو اپنی
غلطی کا احساس دوسرے لوگوں کے رویؔوں کو دیکھ کر آتا ہے، ویسے ہی میں اس وقت دوسروں کو دیکھ کر
اپنی غلطی سمجھنے کی کوشش کرنے لگی۔ لیکن لوگوں کے رویؔوں سے مجھے اپنی غلطی کے حوالے سے کوئی
بھی اشارہ نہیں ملا۔ بہرحال کچھ تو گڑ بڑ کی ہوگی، اتنا تو مجھے معلوم تھا چنانچہ میں اس کام
والے سے معذرت کرنے کیلئے تیار ہوگئی۔ لیکن اسی وقت اس نے میرے سامنےانتہائی شرمندہ انداز میں
سر جھکایا اور جلد سے بول پڑا, 'یہ ڈبل روٹی بائیں طرف سے تھوڑی سی دبی ہوئی ہے، میں آپ کو
ایک نیا پیس دیتا ہوں۔ آپ یہ والی ڈبل روٹی قطعی نہیں خرید سکتیں۔' میں بوکھلا سی گئی کیونکہ
ایک دبی ہوئی ڈبل روٹی کے باعث شاید ہی کسی بیچنے والے کو اتنی شرمندگی کا احساس ہوا ہو کہ وہ
ایک صارف کو اس ڈبل روٹی خریدنے سے منع کر کے اس کی جگہ ایک نیا پیس لینے پر اصرار کرے۔
میں نے ایک نظر اس دبی ہوئی ڈبل روٹی کی طرف دیکھا اور دوسری نظر اس کام والے کی جھکی ہوئی
گردن کی طرف اور اس دوران میں اس نے اپنے ٹرے سے ایک نیا پیس نکال کر میرے ٹرے میں رکھ دیا
اور مجھے کاوئنٹر کی طرف روانہ کر دیا۔ میں نے اس دن اس مشہور جاپانی محاورے کا مطلب صرف
سمجھا نہیں بلکہ محسوس کیا کہ،'اوکیاک سما وا کامی سما دِس'، یعنی 'صارف خدا ہے'۔